کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی انجری پر شاہد آفریدی نے پی سی بی کو مشورہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی کو اب شاہین شاہ آفریدی کو بہت احتیاط سے چلانا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ شاہین کو دوباہ متاثرہ جگہ پر ہی انجری ہوئی ہے، میرا خیال ہے کہ اب شاہین کو پورے دو سے تین ماہ ریکوری کے لیے لینا چاہئے۔
شاہد آفریدی نے شاہین کو بھی مشورہ دیا کہ اسے اپنی فیلڈنگ میں خیال رکھنا چاہیے، کسی ایسی پوزیشن میں ڈائیو نہیں مارنا چاہیے جس کے بعد اسے ایک بار پھر ری ہیب پر جانا پڑے۔
پی سی بی کو بھی مشورہ دیتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو بھی اب شاہین کو بہت احتیاط سے چلانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ’شاہین کو کسی قسم کی انجری نہیں ہوئی‘
شاہین کے ان فٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ کھیلنے سے متعلق قیاس آرائیوں پر شاہد آفریدی نے جواباً کہا کہ شاہین اگر ان فٹ ہوتا تو ورلڈکپ کے فائنل میں دو اوورز بھی نہیں لیتا۔
ادھر پی سی بی کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈاکٹرز نے دو ہفتے ری ہیب کا مشورہ دیا ہے جبکہ انہیں کسی قسم کی انجری نہیں ہوئی ہے اسکین میں واضح ہے کہ ان کے گھٹنے پر دباؤ آیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں فاسٹ بولر ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے لڑ کھڑا کر گر گئے تھے، وہ اپنے چار اوورز بھی مکمل نہ کرسکے تھے۔