لاہور : اورنج ٹرین ٹرمینل میں ڈرون طیارہ گرنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے، تخریب کاری سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں اورنج ٹرین ٹرمینل میں ڈرون طیارہ گرنے کے واقعے پر تخریب کاری سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ڈرون طیارے کے تمام پرزے الگ کرکے چیزوں کا تعین کیا جارہا ہے اور سی ٹی ڈی فرانزک ٹیم نے پرزوں کا معائنہ شروع کردیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اورنج ٹرین کے واشنگ ایریا تک ڈرون کس سمت سے آیا اس کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات اورنج ٹرین کے اسٹبلنگ یارڈ کے خالی ٹریک پر ڈرون طیارہ گرا، اسٹبلنگ یارڈ پر اورنج ٹرین کی تعمیر کرنیوالے غیر ملکی بھی رہائش پذیر ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی جانب سے ڈرون طیارے کو قبضے میں لیا گیا، ایس پی یو کی طرف سے پولیس کو بھی سٹبلنگ یارڈ بھی بلایا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ڈرون طیارہ سےمتعلق تحقیقات کی جارہی ہیں، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ،کمشنر آفس ادارےکی سطح پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔