ملتان: تحریکِ انصاف کے جلسہ میں جاں بحق ہونے والے دو کارکنوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔
ملتان میں گزشتہ روز تحریکِ انصاف کے جلسے کے بعد بھگدڑ میں سات افراد جاں بحق اور بیالیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جاں بحق ہونے والے دو افراد معاویہ اور سلمان کی ملتان کے بے نظیر بھٹو شہید پارک نماز جنازہ ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ واقعہ کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر لاگو ہوتی ہے، سی پی او سے پہلے ہی خدشات کا اظہار کرچکے تھے۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ڈی سی او ملتان کی جانب سے دکھائے جانے والے معاہدہ کا جواب دونگا، جلسے کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔
نمازجنازہ کے بعد پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، پی ٹی آئی کے کارکنان نے جاوید ہاشمی کی گاڑی کو گھیرے میں لیکر شدید نعرے بازی کی، ن لیگ کے کارکنوں نے بھی شاہ محمود قریشی کیخلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کے صورتحال کو کنٹرول کیا۔