کراچی : پولیس نے قائد آباد میں 7 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کر کے چار مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں سات سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعہ کا مقدمہ قائد آباد پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ مقتولہ کے والد مقبول احمد کی مدعیت میں زیادتی اور قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔
مدعی نے بیان میں کہا کہ میری بیٹی 15 نومبر کو میرے چھوٹے بھائی کے گھر رہنے گئی تھی، دوسرے دن بھائی کے بچوں کے ہمراہ مدرسے گئی تو واپس نہ لوٹی۔
والد کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز10بجے گمشدگی رپورٹ کیلئے تھانے پہنچا تو بھائی کی کال آئی ، بھائی نے اطلاع دی کہ بچی کی لاش مسلم آباد میں خالی پلاٹ میں پڑی ہے، لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب قائد آباد پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ، سرچ آپریشن کے دوران 4مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک افراد سےبچی کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے 7 سالہ بچی کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت منیبہ عمر کے نام سے ہوئی۔
بچی کے والد مقبول کا کہنا تھا کہ منیبہ بدھ کی دوپہر بھائی کے گھر سے لاپتا ہوئی وہ گھر سے بنا چپل پہنے نکلی تھی، دو روز تک پولیس ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی، بدھ کی شب تک لاش نہ ملنے پر یقین ہوگیا تھا کہ منیبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔
بعد ازاں بچی کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقتولہ بچی کےجسم پرتشددکےنشانات بھی موجود ہیں۔
جائے وقوعہ سے فرانزک کرائم ٹیم اور تفتیشی حکام نےشواہد جمع کرلئے جبکہ جائے وقوعہ اوراطراف جیوفینسگ کی جارہی ہے۔
کراچی:مشتبہ افرادکوحراست میں لے کران کاڈی این اے کرایا جائے گا ، تفتیشی حکام نے بچی کے لواحقین کا بیان بھی لے لیا، بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔