شام میں فوج کی جانب سے فضائی حملے میں دوبچوں سمیت پچیس افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔
حلب کے مقامی بازار میں شامی فوج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے بیرل بم گرائے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت عام شہری بھی نشانہ بنے، اس سے قبل چار سو سے زائد افراد فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کا شکار ہوئے، حلب میں بیشتر علاقے باغیوں کے زیر تسلط ہیں۔
شامی حکام کے مطابق حملہ باغیوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا ہے، ادھر جنیوا میں شام میں جاری خانہ جنگی کے حل کے لیے اگلے ماہ اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات متوقع ہیں، دوسری جانب شامی اپوزیشن نے فضائی حملے جاری رہنے پر امن مذاکرات کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی ہے۔