اسلام آباد : وزیر داخلہ رانا ثناللہ کا کہنا ہے کہ سمری آئے نہ آئے دو دن میں تعیناتی کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ راناثنا للہ نے نجی ٹی وی پر گفتگو میں تنقید کا موقع بھی ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور کہا تیس پینتیس سال براہ راست حکومت کرنے والوں نے اب غیرسیاسی رہنے کا کہہ دیا اسی میں ملک اورادارے کی بقا ہے۔
راناثناللہ کا کہنا تھا کہ سمری آئے نہ آئے دو دن میں تعیناتی کردی جائے گی، لیکن یہ فرض کیوں کیا جائے کہ سمری نہیں آئے گی۔
یاد رہے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اہم تعیناتی کی سمری کا نہ آنا بہت بڑی ناکامی قرار دیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اب تک سمری کیوں نہیں آئی یہ آئینی خلاف ورزی ہے ، اگرآپ اہل آدمی کا نام شامل نہیں کریں گے تو وہ غیرقانونی ہے، اگر آپ اہل آدمی کی جگہ دوسرے کو رکھیں گے تو وہ بھی غیرقانونی ہے۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ سمری میں اہلیت نظراندازکی گئی تومعاملہ عدالت میں چیلنج بھی ہوسکتاہے،وزارت دفاع پر بھاری ذمہ داری ہے کہ معاملہ عدالت میں چیلنج نہ ہو، وزیراعظم سمری کے نہ آنے کا ازخود نوٹس لے سکتے ہیں۔