جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، اسدعمر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، جو میرٹ پر لگتا ہے اسے لگا دیں ہمار اکوئی پسندیدہ بندہ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی ہمارا فیورٹ ہے لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ جو تعینات کررہے ہیں وہ خود اس کے اہل ہیں بھی یا نہیں؟

- Advertisement -

اسدعمر نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، جلد از جلد انتخابات ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، پوری قوم اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وہ شخص دھمکیاں دے رہا ہے جس کی اپنی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، عارف علوی کو ڈرا دھمکا کر کام کرانے والے انہیں نہیں جانتے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک اہم تعیناتی ہونے جارہی ہے، افسوس ہے کہ پورے ملک کا نظام ہی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، افسوسناک بات ہے کہ ملک تیزی سے دیوالیہ ہونے جارہا ہے اور حکومت کی توجہ سب کام چھوڑ کر تعیناتی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی نظام کو چلانے والوں کو اس کا حل نکالنا ہوگا، 21ویں صدی میں ایک ایٹمی ملک کو چلانے کا یہ کوئی طریقہ نہیں۔

اسدعمر نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو تعیناتی کررہے ہیں کیا ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز ہے؟ ایک حکومت جس کے پاس مینڈیٹ کوئی نہ ہو وہ اتنے بڑے بڑے فیصلےکرسکتی ہے، یہ حکومت بیرونی مداخلت اور ضمیروں کی منڈی لگا کر وجود میں آئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں