سڈنی: آسٹریلیا کے سابق کوچ اور ٹیسٹ کرکٹر جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کچھ ڈرپوک میرے کوچنگ اسٹائل کی شکایتیں لگاتے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے سابق کوچ اور ٹیسٹ کرکٹر جسٹن لینگر نے خود کو ٹیم سے الگ کیے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
جسٹن لینگر نے شکوہ کیا کہ ہر کوئی میرے چہرے کے سامنے بہت اچھا تھا لیکن ٹیم میں کچھ ایسے ڈرپوک بھی تھے جو میڈیا میں میرے کوچنگ اسٹائل کی شکایتیں لگاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سابق کپتان ٹم پین، ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور وائٹ بال کپتان ایرون فنچ سے گفتگو کرنے کے بعد کوچنگ اسٹائل تبدیل کیا تھا۔
لینگر نے غصیلا انداز اپنایا اور کہا کہ بہت سے صحافی ذرائع کا لفظ استعمال کرتے ہیں انہیں ڈرپوک کا لفظ استعمال کرنا چاہیے، ایسے ڈرپوک لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت چیزیں لیک کرتے ہیں اور سامنے نہیں آتے لیکن میں ایسے شخص سے بہت نفرت کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد ریحان احمد انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں دورہ پاکستان سے چند روز قبل آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جسٹس لینگر کی جگہ اینڈریو مک ڈانلڈ کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔