کراچی کے علاقے گلشن حدید سے 12 دن پہلے لاپتا ہونے والی شادی شدہ خاتون کا ڈراپ سین ہوگیا۔
اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس ٹیم نے لاہور سے انعم صہیب کو بازیاب کروا لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم طلحہٰ محمود کی نشاندہی پر خاتون کو لاہور کریم پارک سے بازیاب کروایا گیا، خاتون کو ویمن پروٹیکشن سیل منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور انعم صہیب کو کل ملیر کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، ابتدائی تفتیش میں خاتون اپنی مرضی سے گھر سے نکلی تھی، دونوں کا رابطہ سوشل ایپ انسٹا گرام کے ذریعے ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 16 نومبر کو انعم صہیب کے پُر اسرار طور پر لاپتا ہونے کی خبر اے آر وائی نیوز نے دی تھی۔
انعم صہیب جاب انٹرویو کے لیے گھر سے نکلی تھی اور پھر پُر اسرار طور پر لاپتا ہوگئی تھی۔ شوہر کی جانب سے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کروا گیا تھا۔
شوہر کا کہنا تھا کہ اہلیہ کو ہر جگہ ڈھونڈا مگر کہیں نہیں ملی، اس کا فون نمبر بند آ رہا ہے اور وہ جس وقت گھر سے گئی وہ لوڈشیڈنگ کا ٹائم تھا جس کی وجہ سے کیمرے بھی کام نہیں کر رہے تھے۔
انعم صہیب کی ایک بیٹی بھی ہے۔