راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا۔
راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں انتشار نہیں چاہتے پُرامن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں، ملکی معیشت بچانے کے لیے فوری الیکشن ناگزیر ہیں جب معیشت تباہ ہوتی ہے تو قومی سلامتی بھی متاثر ہوتی ہے، فیصلہ سازوں کو بھی بتا رہا ہوں ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے۔
اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ موت کا خوف بڑے سے بڑے آدمی کو چھوٹا انسان بنادیتا ہے مجھے سازش کرکے قتل کروانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’وہ تین مجرم ابھی بھی بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ وہ دوبارہ سازش کریں گے لیکن اللہ نے واضح کہا ہے زندگی اور موت اس کے ہاتھ میں ہے اگر اللہ نے موت لکھ دی ہے تو کوئی کہیں بھی چلا جائے موت سے نہیں بچ سکتا۔‘
عمران خان نے کہا کہ اللہ نے مجھے زندگی دی کنٹینر پر 12 لوگوں کو گولیاں لگی تھیں، ایک گارڈ کو چھ گولیاں لگیں وہ بھی بچ گیا کیونکہ اللہ نے موت نہیں لکھی تھی، صحیح معنوں میں زندگی گزارنی ہے تو موت کے خوف سے خود کو آزاد کریں۔