اسلام آباد : ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے حوالے سے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے مکمل بریفنگ دی۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹراعظم نذیرتارڑ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ نے تفصیلات بیان کیں، انہوں نے کہا کہ دو رکنی ٹیم بنائی گئی ہے ٹیم کینیا بھی گئی تھی۔
سینیٹراعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ ریٹائرڈ جج کی زیرنگرانی ایک کمیشن کام کررہا ہے اور ارشد شریف کی والدہ نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے پر ہمیں قانون کے مطابق چلتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات کا انتظار کرلینا چاہیے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے شہید ارشد شریف کے کیس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا کام اور رپورٹ کی تیاری کا عمل ابھی جاری ہے۔
ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ معاملے میں حساس معلومات ہیں اس لیے رپورٹ آنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکتے ہیں، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ رپورٹ تیار ہونے کے بعد ہم پھر بریفنگ لے لیں گے۔