لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔
ذرائع کے مطابق پرویزالہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنےکی دستخط شدہ سمری عمران خان کے حوالے کردی، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب اب سے کچھ دیر قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کردی
جس میں عمران خان نے حکومت کو مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ان کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربات کریں یہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر عام انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلی تحلیل کردیں۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ کھڑی ہے، پرویزالہٰی نے مجھے پورا اعتماد دیا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ جب کہوں گا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر بریک کی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اسمبلی کی تحلیل پرتیار ہوگئے ہیں۔
گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے زمان پارک میں ملاقات کی، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ انہیں دے دی،ہم عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے،ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔