اسلام آباد : شہید ارشد شریف کی بیوہ سمیعہ ارشد شریف کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے پر حیرانی ہوئی ہے، ایف آئی آرمیں کن لوگوں کونامزد کرنا ہے ارشد کی والدہ بالکل کلیئر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہید ارشد شریف کی بیوہ سمیعہ ارشدشریف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "سوال یہ ہے” میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر کیلئے ہم نے رابطہ کیا پولیس نے کوئی جواب نہیں دیا۔
سمیعہ ارشدشریف کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی والدہ ایف آئی آردرج کرانا چاہتی ہیں، پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے پر حیرانی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ارشد کی والدہ مدعی بننا چاہتی ہیں لیکن ایس ایچ او مدعی بن گیا ہے، حیران ہیں ایس ایچ او نے خود ایف آئی آر درج کردی اور ہم سے رابطہ نہیں کیا۔
ارشد شریف کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی آرمیں کن لوگوں کونامزد کرنا ہے ارشد کی والدہ بالکل کلیئر ہیں۔
گذشتہ روز سپریم کورٹ کے حکم پر شہیدارشدشریف کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کرلیا گیا تھا۔
ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں تین معلوم اور دیگرنامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، معلوم افراد میں وقار احمد، خرم احمداورطارق وصی شامل تھے جبکہ شہید ارشد کی والدہ اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرانا چاہتی تھیں۔