قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں مراکش نے اسپین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تو دنیا حیران رہ گئی۔
منگل کی رات قطر کے ایجوکیشن اسٹی سٹیڈیم میں میچ کے 90 منٹ فیصلہ کن ثابت نہ ہوئے تو دونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔
اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تو فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں مراکش کی ٹیم نے چار پینلٹی ککس میں سے تین پر گول کئے جبکہ ہسپانوی ٹیم پہلی تینوں پینلٹی ککس ضائع کرگئی۔تاریخی فتح کے بعد مراکش کے اسٹار کھلاڑی اشرف حکیمی اپنی ٹیم کی ناقابل یقین جیت اسٹیڈیم میں بیٹھی اپنی والدہ کے ساتھ مناتے ہوئے نظر آئے اور سوشل میڈیا پر یہ مناظر سینکڑوں ٹائم لائنز کی زینت بنی۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو فیفا ورلڈ کپ دیکھنے قطر پہنچ گئے
اس سے قبل جب ورلڈ کپ میں مراکش نے بیلجیئم کو شکست دی تھی اس کے بعد بھی اشرف حکیمی اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔
گذشتہ رات سپین کے خلاف فتح کے بعد بھی مراکشی کھلاڑی رقص کرتے ہوئے مجمع میں بیٹھی اپنی والدہ کے پاس پہنچے اور انہیں سینے سے لگا کر ان کے ماتھے پر بوسہ دیا۔اشرف حکیمی کی پیدائش سپین کے شہر میڈرڈ میں ہوئی تھی لیکن انہوں نے فٹ بال کھیلنے کے لیے اپنے والدین کے آبائی ملک مراکش کا انتخاب کیا تھا۔
مراکشی کھلاڑی اپنی والدہ سے محبت کی وجہ ماضی میں بھی کئی بار بتا چکے، اشرف حکیمی کی والدہ سعیدہ مو مراکش میں اپنے بیٹے کو کامیاب بنانے والی ماں کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔
اشرف حکیمی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ہمارا تعلق ایک غریب مگر سفید پوش گھرانے سے ہے جنہیں اپنے کمانے اور کھانے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔مراکش فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی نے انکشاف کیا تھا کہ ’میری والدہ لوگوں کے گھروں کی صفائی کیا کرتی تھیں اور میرے والد سڑکوں پر مختلف اشیاء فروخت کیا کرتے تھے۔‘
اشرف حکیمی اپنے فٹ بال کیریئر کو بھی اپنے والدین کی دین سمجھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آج میں ہر روز ان کے لیے کھیلتا ہوں کیونکہ انہوں نے میرے لیے قربانیاں دیں اور انہوں نے میرے بھائیوں کو بہت سی چیزوں سے محروم اس لیے رکھا تاکہ میں کامیاب ہو سکوں۔
#Morocco deserves all the love and that includes mama #WorldCup #AshrafHakimi pic.twitter.com/hSa2sMACQa
— Abdallah Ahmad (@Abzz_6) December 7, 2022
اشرف حکیمی اس وقت فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے مستقل کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سے قبل مشہور کلب ریال میڈرڈ اور اطالوی کلب انٹر میلان کی طرف سے بھی فٹ بال کھیلتے رہے ہیں۔