دہلی : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں عام آدمی پارٹی نے پندرہ سال بعد دہلی سے مودی کی حکومت ختم کر دی۔
دلی میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے دو سو پچاس نشستوں میں سے ایک سو چونتیس جیت لیں۔
بی جے پی ایک سو چار سیٹیں لینے میں کامیاب ہوئی جبکہ کانگریس صرف نو نشستوں تک ہی محدود رہی۔
دلی میں حکومت بنانے کیلئےایک سوچھبیس نشستیں درکارہوتی ہیں اور الیکشن نتائج کے بعد دلی سے بی جے پی کا پندرہ سال کا اقتدار ختم ہوگیا۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی کے سربراہ ارون کیجریوال نے اپنے خطاب میں دلی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے معاملات کو سنبھالنے کیلئے اپنے بیٹے اور بھائی کو منتخب کیا ہے۔
اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ وہ ’کرپشن اور منفی سیاست کے خاتمے‘ کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے دوہزار سترہ کے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی نے ایک سو اسّی نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ عام آدمی پارٹی صرف اڑتالیس اور کانگریس تیس نشستیں لے سکی تھی۔