اشتہار

غار حرا کے قریب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نزول وحی سے متعلق نمائش

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب کے اہم مقدس شہر مکہ مکرمہ میں غار حرا کے قریب حرا کلچرل ڈسٹرکٹ ون کے نام سے نیا زون قائم کر دیا گیا جہاں نزول وحی سے متعلق نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں غار حرا کے قریب حرا کلچرل ڈسٹرکٹ ون کے نام سے نیا زون قائم کر دیا ہے، مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا نگران ہے۔

حرا ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں زائرین کے لیے مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ غار حرا جانے والی سڑک، قرآن کریم عجائب گھر اور وحی کے موضوع پر نمائش گاہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

- Advertisement -

حرا کلچرل ڈسٹرکٹ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ غار حرا کی سب بڑی پہچان اولین نزول وحی کا مقام ہے۔

وحی نمائش گاہ میں پیغمبروں پر وحی نازل ہونے کا قصہ بیان کیا گیا ہے، پیغمبر اسلام محمد ﷺ پر وحی کے نزول کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وحی سے جڑے ہوئے عناصر غار حرا، ام المومنین حضرت خدیجہؓ اور جبرائیل علیہ السلام کا تعارف دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دوسرا اہم مقام القرآن الکریم عجائب گھر ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قرآن کریم کا خوبصورت تعارف دیا گیا ہے، کتاب اللہ کے قلمی نسخوں کو پرکشش انداز میں دکھایا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ میں ریستوان اور قہوہ خانے بھی کھولے گئے ہیں جہاں زائرین کے لیے ملکی اور بین الاقوامی لذیذ کھانوں اور مشروبات کا انتظام ہے، غار حرا کی پہچان اجاگر کرنے والے تحائف اور یادگاری اشیا فروخت کرنے والی دکانیں بھی قائم کی گئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں