اشتہار

انتخابات کا اعلان ہو تو پارلیمنٹ میں واپسی بھی ہوسکتی ہے، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اگر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردے تو پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں واپسی بھی ہوسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان صدف عبدالجبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے اور کوئی مطالبہ نہیں، حکومت اعلان کرے تو اس کیلئے بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں۔

- Advertisement -

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردے تو تحریک انصاف کے اراکین کی پارلیمنٹ میں واپسی بھی ہوسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت میں آکر ہم ان کی معاشی پالیسیوں کو تبدیل کردیں گے، ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ حکومت عام انتخابات کی طرف نہیں جاتی تو ہم صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر16ارب سے7ارب ڈالر تک آگئے ہیں، عالمی برادری ملک میں سیاسی استحکام تک امداد نہیں دے گی، انہوں نے پہلے مفتاح اسماعیل کو لگایا پھر اسحاق ڈار کو لے آئے، معیشت کون سنبھال رہا ہے کچھ نہیں پتہ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امپورٹ ایکسپورٹ بالکل ختم ہوکر رہ گئی ہے، پی ٹی آئی دور میں تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی بلند سطح پر تھیں لیکن پیٹرول اتنا مہنگا نہیں تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کو ملک میں واپس آجانا چاہیے، ہمیں ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم جلسے جلوس کرنے سے کسی کو نہیں روکتے، رانا ثناء اللہ کو بھی کبھی نہیں روکا، نوازشریف نے میڈیا سے کبھی گفتگو نہیں کی، انہوں نے صرف اپنا پیغام ریکارڈ کرایا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی مقدمے سے بریت پر انہوں نے کہا کہ جس طرح سے رانا ثناءاللہ کیس سے بری ہوئے ہیں ایسا کبھی نہیں ہوتا، ایک دن میں کیسے آدمی بری ہوسکتا ہے، اس کیس پر رانا ثناءاللہ جانیں اور اینٹی نارکوٹکس فورس جانے۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ چوہدری برادران میں ملاقاتیں ان کا خاندانی معاملہ ہے، پرویزالٰہی ہمارے ساتھ ہیں، ق لیگ ہمارے ساتھ ملک کر الیکشن لڑسکتی ہے،چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی دونوں قابل احترام شخصیات ہیں، چاہتے ہیں وہ دونوں اکٹھے ہوجائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں