اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ روزانہ شوشہ چھوڑاجاتا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہورہاہے،اللہ کا کرم ہے ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچنے سے زیادہ بدنامی نہیں ہوسکتی، عمران نیازی نے گھڑی بیچ کر انتہائی گھٹیا حرکت کی،اس سے زیادہ مسلمان اور دین کی تضحیک کیا ہوسکتی ہے؟۔
وزیراعظم شہباز نے کہا کہ عمران خان نیازی نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا،اس نے بیرونی امداد روکنے کیلئے جھوٹی خبریں پھیلائی، عمران نیازی کی بہن کی بیرون ملک جائیدادیں پکڑی گئیں،آپ نے اپنی بہن کو این آراو دیا باقی سب کو چور ڈاکو کہتےرہے شرم نہیں آتی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چار سال جھوٹ بغض اور انا کیلئے پوری قوت استعمال کی جارہی تھی،عمران نیازی نے مہنگائی کرنے کےسوا کچھ نہ کیا، یہ ابھی بھی دن رات الزامات لگارہےہیں پہلے جو تباہی آپ نے کی اس کا قوم کو حساب دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی سےدودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، پہلے بھی کہا کہ ذاتی سیاست کیلئے پاکستان کو بدنام نہیں کرنا چاہیے، عمران نیازی اگرسچا ہے تواب فنانشل ٹائمز کیخلاف کیس کرے۔