27.2 C
Dublin
بدھ, مئی 22, 2024
اشتہار

عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے عوام کا اعتماد توڑا اب وہ اسمبلیاں توڑ رہے ہیں مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلیے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے۔ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضہ ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو۔ کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے لیکن انشا اللہ ایسا نہ ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھائیں۔ ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے۔ ہم نے آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی اور اب عوام کو روٹی، روزگار کی پریشانیوں سے بھی نجات دلائیں گے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں۔ نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لیے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے سوال کیا کہ جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔ ان کا مقصد صرف سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے مخالفین کو پیغام دیا کہ عوام پر رحم کریں، مہنگائی اور بیروزگاری کے عذاب سے انہیں نجات دلانا ہی سیاست ہے۔ عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں اور رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے آج اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں