کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اسے میچ میں پاکستان ٹیم پر 50 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے آج اولی پوپ اور بین ڈیکیٹ نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز ایک کھلاڑی کے نقصان کے ساتھ 7 رنز سے کیا جس کے بعد 58 رنز پر نعمان علی نے بین ڈیکیٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
نعمان علی نے اگلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔
پاکستانی اسپنرز نے پہلے سیشن میں انگلش بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھی وکٹ ابرار احمد نے 98 رنز پر لی ، انہوں نے شاندار گیند کرا کر اولی پوپ کو 51 رنز پر بولڈ کیا۔
انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ہیری بروک کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی جسے کچھ دیر بعد فیلڈرز نے توڑ دیا، محمد وسیم اور اظہر علی نے مل کر 145 کے مجموعی اسکور پر بین اسٹوکس کو رن آؤٹ کیا، بین اسٹوک 26 رنز بناسکے۔
دوسرا سیشن شروع ہونے کے بعد ہیری بروک نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے کیریئر کی تیسری سنچری بھی مکمل کی۔
ہیری بروک نے 134 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی جس کے کچھ دیر بعد محمد وسیم نے انہیں 111 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 265 رنز پر گری، ریحان احمد کو 1 رن پر نعمان علی نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اس کے بعد انگلش ٹیم نے اختتامی تین وکٹوں پر مزید 89 رنز بناتے ہوئے پاکستان پر 50 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔
پاکستان کی اننگز
گزشتہ روز میچ کے پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم ایک بار پھر نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکی اور 304 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم 78 اور آغاسلمان 56 رنز بناکر نمایاں رہے، آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہرعلی 45، شان مسعود 30 اور سعود شکیل 23 رنز بناسکے۔ اس کے علاوہ محمد رضوان 19 اور عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4 شکار کئے جبکہ ڈیبیو کرنے والےریحان احمد نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں، جوروٹ، مارک ووڈ، اولی رابن سن کے حصے میں بھی ایک، ایک وکٹ حاصل آئی۔