لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید آرمی چیف بننا چاہتے تھے، وہ لالچ میں آگئے جس سے ان کو نقصان ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں خصوصی انٹرویو میں پرویز الٰہی نے کہا: ’فیض حمید ہمارے خلاف تھے۔ انہوں نے ہمارے ساتھ زیادتی کی۔ انہوں نے نیب سے کہا کہ مجھے اور مونس الٰہی کو گرفتار کرو۔‘
پرویز الٰہی نے کہا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے شکایت کی تو انہوں نے فیض حمید کی سرزنش کی، فیض حمید نے باجوہ صاحب کو بتایا کہ یہ عمران خان کا حکم ہے، فیض حمید نے ہمیں اندر کرنے کی کوشش کی۔
’قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کا مسئلہ ہوا تو ہم سپورٹ کر رہے تھے۔ ایکسٹینشن کے دوران بھی بڑی عجیب صورتِ حال پیدا کی گئی۔ ہم نے ایکسٹینشن کے وقت جنرل (ر) باجوہ کی بھرپور حمایت کی۔‘
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیض حمید نے پتا نہیں کیوں عمران خان کو فائدہ پہنچانا تھا، وہ آرمی چیف بننا چاہتے تھے، لالچ میں آکر انہوں نے نقصان اٹھایا اور عمران خان کو بھی نقصان ہوا، فیض حمید نے کیوں چیزیں خراب کیں، میرا نہیں خیال ان کا ہاتھ تھا، چیزیں ہوتی ہیں تو شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بیچ میں آ جاتے ہیں۔