قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کیلیے سپریم کورٹ جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کی بدنیتی کے باعث کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے جب ایوان جانے کا اعلان کیا تو اجلاس ملتوی کردیا گیا اور جب اسپیکر کے روبرو جانے کا اعلان کیا تو وہ چھتی پر چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے اس معاملے پر ٹال مٹول والے رویے پر پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ کیا اور اس حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت بھی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ دنوں قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ایم این ایز کا اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ
اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو خط بھی لکھا گیا تھا جس میں ان کے سامنے پیش ہوکر استعفوں کی تصدیق کرنے کے لیے وقت مانگا گیا تھا۔