اسلام آباد : ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے، جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں0.11 فیصد کی معمولی کمی آئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح28.76فیصد ریکارڈ کی گئی ہے،51 اشیائے ضروریہ میں سے 20کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ14 کی قیمتوں میں کمی اور 17کی قیمتیں مستحکم رہیں، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 29روپے کا اضافہ جبکہ چائے کا190 گرام کا پیکٹ7روپے مہنگا ہوا۔
آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا اور ایری سکس چاول کی فی کلو قیمت میں روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں17روپے، ٹوٹا باسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں ایک روپے سے زائد جبکہ چھوٹا گوشت فی کلو5روپے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گڑ، انرجی سیور اور دودھ پاؤڈر بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں
دال مسور، دال چنا اور دال ماش کی قیمت میں بھی اضافہ رپورٹ ہوا۔
دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹماٹر فی کلو22روپے سستے ہوئے، آلو کی فی کلو قیمت میں7روپے سے زائد کی کمی اور انڈے فی درجن4روپے سستے ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں6روپے سے زائد کی کمی اور پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں بھی کم ہوئیں جبکہ رواں ہفتے لہسن، کیلے اور ویجیٹبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔