چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی پر اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ہم ہر روز یاد کرتے ہیں۔ ان کے فکر اور وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ وہ اپنے دور سے بہت بہت آگے کا ادراک رکھنے والی رہنما تھیں اور ان جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔ وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار اور پسماندہ طبقات و اقلیتوں کے حقوق کی محافظ تھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا تدبر اور فلسفہ مفاہمت دنیا کی مشترکہ میراث ہے۔ دختر مشرق کی یہ میراث ملکی اور عالمی سیاسی مشکلات سے متعلق قابل عمل لائحہ عمل بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو خواتین کی ترقی اور خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علمبردار، شہری آزادیوں کی وکیل، وفاقی اکائیوں میں ہم آہنگی اور اتحادکی داعی ہونے کے ساتھ وفاق کی مضبوط علامت تھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بینظیر بھٹو کے نظریے کی کامیابی ہے کہ آج جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں اور ارض وطن کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بینظیر بھٹو کی سوچ وفلسفہ پر کاربند رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی، ملک سے غربت، بھوک اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی آج، ملک بھر سے قافلوں کی آمد جاری
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہم ملک میں روادری، مساوات اور بھائی چارے پر قائم معاشرہ تشکیل دینے کیلیے پُرعزم ہیں اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل اور ایک مضبوط جمہوری وفاقی ملک بنا کر دم لیں گے۔ ہم پارلیمان اور جمہوریت کو مضبوط بنا کر سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔