بیجنگ : چین میں کورونا کیسز نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا، یومیہ بنیادوں پر لاکھوں مریض سامنے آنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق چین میں گزشتہ کئی ماہ سے لگنے والی کورونا پابندیوں کے ہٹائے جانے کے بعد وبا نے ایک بار پھر اپنے پنجے گاڑ لیے۔
لاک ڈاؤن ایک دم ہٹائے جانے کے سبب لوگوں میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں کمی کیسز میں اضافے کی اہم وجہ قرار دی جارہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چین میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اسپتال کرونا میں مبتلا مریضوں سے بھر گئے۔
چین سے میلان پہنچنے والی2پروازوں کے50فیصد مسافر ٹیسٹ کے بعد کورونا پوزیٹیو نکلے، رپورٹ کے مطابق بیجنگ کی70 فیصد آبادی کوویڈ 19 وائرس کا شکار ہوگئی۔
اٹلی نے چین سے آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا جبکہ امریکا نے بھی چین کے مسافروں پر پابندیاں لگانے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ چین میں کورونا کیسز میں خطرناک حدتک اضافے سے آئندہ سال دس لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
عالمی صحت صحت نے کورونا سے متعلق اعدادوشمار کے حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے اور اس کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر نے ایک بار پھر چین سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کی وجہ کو سمجھنے کے لیے درخواست کرتے ہوئے ڈیٹا شیئر کرنے کو کہا ہے۔