اسلام آباد: الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کل ممکن نہیں ہیں، انتخابی سازو سامان کی ترسیل، سیکیورٹی ودیگر تیاریاں ضروری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کی تیاریوں کے لیے ایک ہفتہ درکار ہے، بلدیاتی الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن تیار ہے تاہم کچھ وقت تو لگتا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول یہی رہے گا بولنگ کا دن بڑھا دیا جائے گا، بیلٹ پیپر تیار ہیں، حتمی تیاری کے لیے کچھ درکار ہیں۔
اس سے قبل ذرائع کا بتانا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر ہونے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام دفاتر بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر ہونے کا امکان
ذرائع کا بتانا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا کاپی برانچ، رجسٹرار ہائیکورٹ واپس عدالت پہنچ گئے ہیں ہائیکورٹ کے تمام دافتر دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
ہائیکورٹ فیصلے کی مصدقہ نقل آج ہی جاری کرے گی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل بھی دائر ہونے کا ۔امکان ہے
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے الیکشن کمیشن کےفیصلے کیخلاف محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو ہی ہونگے۔
اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں، شاہ محمود قریشی
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ اب اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہا: ’کل اسلام آباد کے باشعور عوام عمران خان کے وژن کے تحت بھرپور فیصلہ دیں گے۔ الیکشن کے انتظامات تو پہلے ہو چکے تھے صرف چند دن قبل الیکشن کو ملتوی کیا گیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں پاکستان عام انتخابات کی طرف بڑھے گا۔