شام میں اسرائیلی فوج کے حملےمیں 2 شامی فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شامی فوج نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل کی جانب سے ملک کے ایک مرکزی بین الاقوامی ائیرپورٹ پر میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 2 شامی فوجی ہلاک ہوئے۔
شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دمشق کے جس ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا وہ غیر فعال ہے، اس ائیرپورٹ اور اطراف میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا۔
شامی فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ کچھ تنصیبات کو نقصان بھی پہنچا تاہم ائیرپورٹ غیر فعال ہونے کے باعث زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں ائیرپورٹ اور اس کے قریب ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، یہ اسلحہ ڈپو جنوبی دمشق کے قریب ہے جب کہ حملے میں مجموعی طور پر 4 افراد مارے گئے۔