اسلام آباد : موجودہ حکومت کے 8 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے منہ موڑنے لگے ہیں ، گزشتہ 8 ماہ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کا گراف نیچے کی طرف ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 43 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 88 کروڑ ڈالر تھی۔
جس کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 51 فیصد کمی ہوئی اور سرمایہ کار حکومت کی آئے دن تبدیلی پالیسیز سے پریشان رہے۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورت حال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کے رجحانات اور ضروریات سے آگاہی کا فقدان بھی ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیز میں تسلسل نہیں ہے اور حکومت نے ایل سیز پر پابندی عائد کرکے صنعتوں کو تباہی کے دہانی پر پہنچادیا ہے اسی لیے مزید سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھبرا رہے ہیں۔