بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

پاکستان نے ترکیہ کے صدر کو نوبل پرائز کیلئے نامزد کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بین الاقوامی نوبل امن انعام کیلئے نامزد کردیا۔

اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ نوبل انعام امن یا جاری تنازعات کے حل میں غیرمعمولی اقدام پر دیا جاتا ہے، ترک صدر نے روس، یوکرین تنازع کے تناؤ میں کمی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان کی نامزدگی روس، یوکرین تنازع میں امن کی مؤثر کوششوں پر کی گئی ہے، یہ جنگ تیزی سے ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ میں تبدیل ہوگئی تھی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ روس یوکرین جنگ پوری دنیا کے لیے بڑی تباہی کا باعث بن سکتی تھی، ترک صدر نے فریقین کے ساتھ بروقت اور مؤثر رابطہ کاری سے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلیک سی گرین منصوبے نے بھی اس خطے کو تباہ کن قحط سے بچایا، ترک صدر رجب طیب اردوان ایک سچے اور بڑے عوامی رہنما ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر مصطفیٰ شن توپ نے کہا تھا کہ میں نے نوبل امن ایوارڈ کے لئے صدر رجب طیب اردوان کی نامزدگی کی درخواست دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے اسمبلی اسپیکروں اور اسمبلی ممبران کی جانب سے بھی ترک صدر کو نامزد کرنے کیلئے درخواستیں پیش کی جائیں گی۔

شن توپ کا کہنا تھا کہ صدر ایردوان وہ واحد لیڈر ہیں جو روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے تو مجھے یقین ہے کہ صدر اردوان ہی نوبل امن ایوارڈ کے اصل حقدار ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں