جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

تہتّر ویں قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا

اشتہار

حیرت انگیز

نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ اقساط پڑھنے کے لیے اس لنک کو کھولیے

جمی نے جواب دیا: ’’شہزادی ازابیلا نے رابرٹ کے بھائی کولن سے شادی کی تھی۔‘‘
چوں کہ ساری کہانی اب واضح ہو گئی تھی اس لیے اینگس نے کہا: ’’اب باقی ہیروں کا کیا بنے گا؟ اب تو آپ یہیں پر ہیں تو خود جا کر انھیں کیوں حاصل نہیں کر لیتے۔ بچوں پر سے اتنی بھاری اور خطرناک ذمہ داری کا بار ہٹ جائے گا۔‘‘

- Advertisement -

’’بات دراصل یہ ہے۔‘‘ جمی کہنے لگا: ’’صرف فیونا ہی یہ ہیرے جمع کر سکتی ہے۔ مائری بھی اگر ضرورت پڑی تو مدد کر سکتی ہیں اور یہ بھی بچوں پر ہے۔ فیونا ہماری واحد امید ہے۔ جب تک جادوئی گولا مکمل نہیں ہوتا تب تک ہم خود کو پہلان اور دوگان کے حملوں سے نہیں بچا سکتے۔ وقت آئے گا تو آلرائے کو ایک منتر آتا ہے، اس کے ذریعے وہ انھیں علاقے سے دور رکھ سکتا ہے۔ بس اسی لیے فیونا ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ وہ جتنی جلدی یہ ہیرے حاصل کرتی ہے، ہم اتنا ہی زیادہ محفوظ ہوتے جائیں گے۔‘‘

اینگس نے اثبات میں سر ہلا دیا۔ جمی نے جیزے کو مخاطب کیا: ’’پونڈ! میں بلال کے ہاں جا رہا ہوں، تم یہاں ہوشیار رہنا۔ مجھے یقین تو نہیں ہے کہ وہ آج رات دوبارہ یہاں آنے کی کوشش کرے گا، لیکن کسی بھی غیر معمولی واقعے کے لیے تیار رہنا۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دوسری طرف مائری، فیونا اور جونی مل کر گھر کی صفائی کر رہے تھے۔ فیونا نے کچن کی دیوار رگڑتے ہوئے کہا: ’’ممی، کیا آپ جانتی ہیں کہ جونی کے بہت سارے بھائی ہیں؟‘‘
’’ہاں، جیزے کی آمد سے پہلے معلوم نہیں تھا، اس کے آنے کے بعد جونی نے بتایا کہ اس کے بارہ بھائی ہیں۔‘‘

’’ممی، کیا آپ نے غور کیا، ان کے نام ’ج‘ سے شروع ہوتے ہیں۔‘‘ فیونا مڑ کر بولی: ’’کتنا عجیب ہے نا!‘‘

مائری نے باورچی خانے سے نکل کر کمرے کا جائزہ لیا اور لمبی سانس لی: ’’اس سے زیادہ عجیب یہ ہے کہ کسی نے ہمارے گھر میں گھس کر سب کچھ الٹ پلٹ دیا ہے۔‘‘

فیونا نے کہا: ’’ہاں یہ تو ہے، اور پتا ہے ممی، جس شخص نے ہمارے گھر کے ساتھ یہ کیا، وہ آج رات انکل اینگس کے گھر میں بھی گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘‘

مائری چونک اٹھیں: ’’کیا… لیکن تم یہ کیسے کہہ سکتی ہو کہ وہ وہی تھا۔‘‘

فیونا نے جلدی سے کہا: ’’دراصل انکل اینگس، جمی اور جیزے کا رویہ عجیب تھا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ وہاں کوئی جنگلی جانور ہے لیکن مجھے یقین ہے یہ وہی برا آدمی تھا، جس کا ارادہ تھا کہ وہاں سے …..‘‘

فیونا کہتے کہتے ایک دم رک گئی۔ اچانک اسے خیال آیا کہ اس کی ممی کو ابھی تک جادوئی گولے اور اس سے جڑے واقعات کا کوئی علم نہیں ہے۔‘‘

مائری نے پوچھا: ’’کیا ارادہ تھا، کیوں چپ ہو گئی ہو؟‘‘

’’کچھ نہیں ممی، چھوڑیں اس بات کو، میں بہت تھک گئی ہوں اب، جا کر لیٹتی ہوں۔‘‘ اور یہ کہہ کر وہ بھاگ کر اپنے کمرے میں چلی گئی۔

(جاری ہے)

Comments

اہم ترین

رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں گزشتہ 20 برسوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، ان دنوں اے آر وائی نیوز سے بہ طور سینئر صحافی منسلک ہیں۔

مزید خبریں