بعض اوقات ایسے خطرناک ٹریفک حادثات دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں کسی کے زندہ بچ جانے کے کی اُمید کم ہی ہوتی ہے لیکن ایسا بسا اوقات ہی ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جسے دیکھ کر صارفین خوفزدہ اور حیران رہ جاتے ہیں، ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ٹرک ڈرائیور نے عقل مندی کا مظاہرہ کیا جس سے موٹر سائیکل سوار حادثے سے بال بال بچا ورنہ محض دو سیکنڈ کے فرق سے موٹرسائیکل سوار کے پرخچے اڑ جاتے۔
منظر میں سنسان شاہراہ دکھائی گئی ہے جہاں سے عموماً گاڑیاں تیزرفتاری سے چلتی ہیں، ایسے میں ایک موٹر سائیکل سوار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اچانک روڈ کے درمیان میں آجاتا ہے اور اسی وقت ایک تیز رفتار ٹرالر بھی پہنچ جاتا ہے۔
ऐसी गति राखिये, दुर्घटना कभी ना होय,
औरन भी सुरक्षित रहै, आपौ सुरक्षित होय. pic.twitter.com/Gvy6B96EdD— Dipanshu Kabra (@ipskabra) January 5, 2023
صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹرالر ڈرائیور نے تیز رفتاری کے باوجود فوری طور پر ٹرالر کا رخ کچے کی جانب موڑ دیا اور موٹر سائیکل سوار ٹرالر کے نیچے آنے سے بال بال بچ گیا اور وہ موٹر سائیکل کو موڑ کر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
موٹر سائیکل سوار کو اگر دو سیکنڈ کی بھی دیر ہوجاتی تو یقینی طور پر اس کی جان بھی جاسکتی تھی، یہ حادثہ صرف موٹر سائیکل سوار کی لاپرواہی کے سبب پیش آیا جس میں وہ خوش قسمتی سے بچ گیا۔
مذکورہ ویڈیو کلپ کو ٹوئٹر پر 34 ہزار سے زیادہ بار دیکھا گیا،جسے دیکھ کر ٹوئٹر صارفین ہکا بکا رہ گئے، صارفین نے کمنٹس میں موٹر سائیکل سوار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کی تعریف کی۔