کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر ایک افغان شہری کو غیر قانونی طور پر کینیڈا بھیجنے کی سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رحمت اللہ نامی افغان شہری کو جعلی بورڈنگ کارڈ پر کینیڈا روانگی کی سہولیات فراہم کرنے میں ملوث 2 ایف آئی اے اہل کار گرفتار ہو گئے۔
ایف آئی اے امیگریشن کے کامران اور وحید نامی ہیڈ کانسٹیبلز نے افغان شہری کے ساتھ 25 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا، افغان شہری کی کینیڈا روانگی کے لیے ایف آئی اے اہل کاروں سے ڈیل روالپنڈی کے 2 ایجنٹس نے کی تھی۔
ایف آئی اے نے الیاس اور عثمان نامی ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی، گرفتار دونوں اہل کاروں کو ایئر پورٹ بلا کر ہتھکڑی لگائی گئی تھی، اور پھر پاسپورٹ سرکل حکام کے حوالے کیا گیا۔
جعلی بورڈنگ پاس اور کینیڈا کے جعلی اسٹڈی پرمٹ کے ساتھ مسافر ایئرپورٹ پر گرفتار
یاد رہے کہ افغان شہری کو 8 جنوری کو پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کی فائنل چیکنگ پر گرفتار کیا گیا تھا، دونوں اہل کاروں نے ملزم کو امیگریشن کاؤنٹر پر لائے بغیر بین الاقوامی روانگی لاؤنج تک پہنچایا۔
اہل کاروں نے مبینہ طور پر افغان شہری کو پی آئی اے پرواز نمبر 783 کا جعلی بورڈنگ کارڈ بھی فراہم کیا۔
ملزم رحمت اللہ، اس کے بھائی اور دونوں ایف آئی اے اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم افغان شہریوں نے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بھی حاصل کر رکھے تھے، اور ان کے قبضے سے افغان پاسپورٹس اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔