نئی دہلی: بھارتی قومی ایئر لائن کا ایک اور ’کارنامہ‘ سامنے آ گیا، خاتون مسافر کے کھانے میں پتھر نکل آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے قومی ایئرلائن ایئر انڈیا کی فلائٹ میں بدنام زمانہ پیشاب اسکینڈل کے بعد ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، اس بار ایک خاتون مسافر کے کھانے میں سے پتھر برآمد ہو گیا۔
سخت تنقید اور تحقیقات کا سامنا کرنے والی ایئرلائن کی فلائٹ سے متعلق ایک خاتون نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ کی، جس میں انھوں نے کھانے میں پتھر کا ٹکڑا ملنے کے بارے میں شکایت کی ہے۔
سرو پریا سانگوان نامی خاتون نے ٹویٹر پر کھانے کی دو تصاویر شیئر کیں، جس میں پتھر کا ایک چھوٹا ٹکڑا دکھایا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ یہ ٹکڑا انھیں ایئر انڈیا کی فلائٹ 215 میں اپنے کھانے میں ملا۔
Dear Ma'am, this is concerning and we're taking this up immediately with our Catering team. Please allow us some time to get back. We appreciate you brining this to our notice.
— Air India (@airindiain) January 8, 2023
انھوں نے ٹویٹ ایئر انڈیا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ’’پتھروں سے پاک کھانے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایئر انڈیا کو وسائل اور پیسے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ وہ پتھر ہے جو مجھے آج فلائٹ AI 215 میں پیش کیے گئے کھانے میں ملا ہے، عملے کی ایک رکن کو اس سے مطلع کر دیا گیا تھا۔ اس قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے۔’‘‘
اس ٹویٹ نے ٹویٹر صارفین کو شدید غصہ دلایا، اور انھوں نے ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر لائن کو شدید غفلت کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے طنز کیا کہ ایئر انڈیا اپنی انڈسٹری نہیں بلکہ انڈین ریلوے سے مقابلہ کر رہا ہے۔
خاتون کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ایئر انڈیا نے لکھا ’محترمہ، یہ تشویش ناک بات ہے، اور ہم یہ معاملہ فوری طور پر اپنی کیٹرنگ ٹیم کے ساتھ اٹھا رہے ہیں، ہمیں کچھ وقت دیں، اور یہ معاملہ ہمارے نوٹس میں لانے کے لیے شکریہ۔‘‘
واضح رہے کہ نومبر میں ایئر انڈیا کی پرواز میں نشے کی حالت میں ایک بزرگ خاتون پر پیشاب کرنے والے شہری شنکر مشرا کو جمعہ کی رات دیر گئے دہلی پولیس نے بنگلورو سے گرفتار کیا اور اسے قومی دارالحکومت لایا گیا، شنکر مشرا کو ان کی کمپنی ویلز فارگو نے بھی برطرف کر دیا ہے۔