کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی بین الاقوامی کوششیں ناکام بنا دیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر مدینہ جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے آئس اور نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، جہلم کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 982 گرام آئس اور 8 ہزار نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اے این ایف اور اے ایس ایف نے باچا خان ایئر پورٹ پر مشترکہ کارروائی میں جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 1 کلو 624 گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
لاہور ایئر پورٹ سے ترکیہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 36 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے، ترجمان اے این ایف نے کہا کہ جہلم کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کیماڑی کے قریب کارروائی میں رکشے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ایک اور کارروائی میں فرینڈ شپ گیٹ چمن پر 2 افغان باشندوں کو پاکستان منشیات لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے 5 کلو 500 گرام آئس اور 490 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ملزمان نے منشیات بکسے کے اندر بنائے گئے خفیہ خانے میں چھپا رکھی تھی، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔