پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی رواں سال شیڈول ایشیا کپ پاکستان میں کرانے کے مشن کے لیے کل (جمعرات) دبئی روانہ ہوں گے۔
نجم سیٹھی کو پہلے جمعے کے روز دبئی روانہ ہونا تھا تاہم ایمریٹس کرکٹ بورڈ کی دعوت پر وہ ایک روز قبل روانہ ہوں گے اور جمعے سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کا افتتاحی میچ دیکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی سائیڈ لائنز پر اماراتی کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے اور رواں سال پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کے معاملے پر اپنا موقف پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران وہ ایشین کرکٹ کونسل سے کشیدہ تعلقات پر بھی بات چیت کریں گے اور 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی حکام سے بھی ملیں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں سال پاکستان میں شیڈول ہے جس کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے سالانہ کلینڈر میں بھی ایونٹ شامل ہے تاہم اس میں ایونٹ کے مقام کا نام درج نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ ہیں جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری بھی ہیں جب کہ بھارت ایشیا کپ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر چکا ہے۔