امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں بہت زیادتی کی جارہی ہے ہم 94 یوسیز سے جیت چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آراوز کے تقرر پر ہم نے الیکشن کمیشن میں تحفظات کا اظہار کیا تھا، فارم 11 میں نتائج الگ اور الیکشن کمیشن الگ نتائج دے رہے ہیں، جماعت اسلامی 94 یوسیز سے جیت چکی ہے فارم 11 بطور ثبوت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نمبر ون، پی پی دوسرے اور تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے، آر اوز کے پاس اب تک لوگ بیٹھے ہیں نتائج نہیں دیے جارہے ،پی پی کے نتائج آرہے ہیں باقی لوگوں کے نہیں آرہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آر اوز بے شک تاخیر سے نتائج دیں لیکن نمبر تو درست کریں ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں جہاں ہم جیتے وہاں ہرایا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ علی زیدی سے بھی رابطہ ہوا ان کا بھی یہی شکوہ ہے کہ علی زیدی کے مطابق بھی فارم 11 اور الیکشن کمیشن کے نتائج میں فرق ہے، یہ پہلے نتیجہ فکس کریں اس کے بعد بات ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی زبردستی اقلیت کو اکثریت میں بدل رہی ہے مسائل کے باوجود ہم نے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔