جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

بلدیاتی الیکشن، سندھ اور پنجاب کو قانونی کام مکمل کرنے کیلئے 30اکتوبرتک مہلت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلئے قانونی کام مکمل کرنے کیلئے 30اکتوبر تک مہلت دیدی جبکہ خیبر پختون خوا حکومت کی انتخابات کیلئے ابتدائی اقدمات کرنے کی ایک ماہ مہلت کی درخواست بھی عدالت نے قبول کرلی ہے۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں عدالت کے تین رکنی بنچ کے سامنے بلدیاتی انتخابات کے مقدمے میں اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ وفاق نے اس حوالے سے دو آرڈیننس جاری کردیئے ہیں، جن میں ایک حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینے جبکہ دوسرا ووٹر فہرستوں کی تیاری کا ہے۔

پنجاب حکومت کے وکیل رزاق اے مرزا نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے ایک آرڈیننس جاری کردیا ہے، جسے صوبائی اسمبلی میں بھی پیش کیا جائے گا، عدالت کو سندھ حکومت کے وکیل میر قاسم نے بتایا کہ بلدیاتی قانونی کا بل تیار کرلیا ہے، آج اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا میں بلدیاتی الیکشن کیلئے بائیو میٹرک نظام اور دیگر ابتدائی اقدامات کرنے کیلئے چار سے پانچ ماہ کا وقت چاہیے ہوگا، اس حوالے سے صوبائی حکام کی الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔

چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن اور خیبر پختون حکومت کے حکام کو کہا کہ اس کیلئے ایک ماہ میں اقدامات مکمل کرلیں اور رپورٹ پیش کریں، جس کے بعد الیکشن کمیشن صوبے میں الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا، عدالت نے سندھ اور پنجاب حکومتوں کے حکام کو قانونی کام 30اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنی ایک درخواست کے ذریعے استدعا کی کہ حلقہ بندیوں کا اختیار ملنے کے بعد اس کام کو مکمل کرنے کیلئے 45دن کی مہلت کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور چھ ماہ کا وقت دیا جائے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ پنجاب اور سندھ میں قانون سازی مکمل ہونے کے بعد اس درخواست کو بھی سنا جائے گا، سماعت 30اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں