اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قومی اسمبلی میں واپس جانے پر مشاورت کے دوران ہی وفاقی حکومت نے اپنی چال چل دی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سفارش پر ایوان سے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔

اراکین میں مراد سعید، عمر ایوب، اسد قیصر، پرویز خٹک، عمران خٹک، شہریار آفریدی، علی امین گنڈاپور، نورالحق قادری، راجہ خرم شہزاد، علی نواز اعوان، اسد عمر، صداقت علی خان، غلام سرور، شیخ راشد شفیق، شیخ رشید احمد اور منصور حیات خان شامل ہیں۔

- Advertisement -

ان کے علاوہ فواد چوہدری، ثنا اللہ خان، حماد اظہر، شفقت محمود، ملک امیر ڈوگر، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیر خان، علی زیدی، آفتاب صدیقی، عطا اللہ خان، آفتاب جہانگیر، محمد اسلم خان، نجیب ہارون اور قاسم سوری شامل ہیں۔

مخصوص نشستوں پر عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کو بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے استعفے قبول کرنے کا شکریہ لیکن جب تک آپ 70 مزید استعفے قبول نہیں کرتے لیڈر آف اپوزیشن اور پارلیمانی پارٹی کے عہدے پی ٹی آئی کے پاس ہی آنے ہیں اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی ہمارا حق ہے۔

انہوں نے لکھا کہ امید ہے چیف جسٹس سپریم کورٹ اس ضمن میں ہمارے زیر التواء کیس میں فیصلہ دیں گے۔

ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا: ’یہ لو مشاورت، سرپرائز کیسا لگا؟‘

گزشتہ سال جولائی میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے جن میں علی محمد خان، فصل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز احمد شاہ، جمیل احمد خان، محمد اکرم چیمہ، عبدل شکور شاد، ڈاکٹر مہر انساء شیریں مزاری، شندانہ گلزار خان شامل تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پارلیمنٹ میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں