جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

پنجاب، کے پی میں عام انتخابات اپریل میں کیے جائیں: الیکشن کمیشن کی تجویز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات اپریل میں کرنے کی تجویز سامنے رکھ دی ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اپریل کے پہلے ہفتے میں پنجاب، خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تجویز سامنے آئی ہے، تاہم پولنگ کب ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ گورنرز کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن 90 روز میں عام انتخابات کرانے کا پابند ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اگلے ہفتے گورنرز سے خط و کتابت کا آغاز کرے گا۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں عام انتخابات میں قانونی رکاوٹ آڑے نہیں آ سکتی، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی مردم شماری پر بھی الیکشن مقررہ دنوں میں ہی کرائے جائیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن 2017 کی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابات کرائے گا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 2 ہفتوں میں مشاورت کر کے عام انتخابات کا شیڈول تیار کیا جائے، اور تجویز سامنے رکھی گئی ہے کہ اتوار کے روز پولنگ ہو، کیوں کہ چھٹی کے روز ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای سی پی کی جانب سے گورنرز کو ایک سے زائد پولنگ ڈیز کی تجویز ارسال کی جائے گی، جب کہ پولنگ ڈے کا حتمی فیصلہ پنجاب اور کے پی گورنرزکریں گے، کیوں کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت پولنگ ڈے پر صرف تجویز گورنر کو بھیج سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولنگ ڈے مقرر کرنے کا اختیار صوبوں میں گورنرز کے پاس ہے، جب کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں ایک ساتھ عام انتخابات کا اختیار صدر مملکت کو ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں