سرگودھا: سابق وفاقی وزیرمذہبی امور پیر الحسنات نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پیرالحسنات کی شمولیت سے سرگودھا میں پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کپتان نے مسلم لیگ ن کی بڑی وکٹ اڑا دی، مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیرمذہبی امورپیرالحسنات ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں باقاعدہ شامل ہوگئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور پیرالحسنات نے نیوز کانفرنس کی۔
جس میں سابق وفاقی وزیرمذہبی امور نے پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا وقت گزرتا ہے اور اسباب پیدا ہوتے رہے ہیں، شاہ محمود قریشی صاحب ہمارے خاندان کے سربراہ ہیں، امید ہے شاہ محمود ہمارے سروں پر شفقت کا ہاتھ پھیرتے رہیں گے۔
پیر الحسنات کا کہنا تھا کہ اسدعمر کے ساتھ 5 سال اسمبلی میں گزارے، اسد عمر کو ہمیشہ اسمبلی میں مدلل بات کرتے دیکھا، آج اسدعمر آئے ہیں ہم اپنا دل ان کے راستے میں بچھاتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 1906سے پیر حسنات کا خاندان سیاست میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، عمران خان نے حرمت رسول اور دین کیلئےعالمی خدمات سرانجام دیں، عالمی سطح پر حرمت رسول کا جس طرح معاملہ اٹھایا وہ سب کے سامنے ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب سے ن لیگ کا پہلے ہی صفایا ہوچکا تھا، رہی سہی کسر آج پوری ہوگی، سرگودھا میں ن لیگ پیر حسنات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے ختم ہوگی۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے بھی پیر حسنات کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا پیرحسنات شاہ ضلع سرگودھا کی نامور شخصیت ہیں، ان کے بہت سے حوالے ہیں، میں دینی حوالے کو ترجیح دیتا ہوں، پیر حسنات شاہ سے عرصہ درازسے روحانی رشتہ ہے۔
شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پیر حسنات شاہ کی شمولیت سے سرگودھا میں پی ٹی آئی کو تقویت ملے گی، ان کی شمولیت سے سرگودھا میں پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی۔
اسد عمر نے بھی کہا کہ اس وقت ملک میں تاریخ ساز تحریک چل رہی ہے ، پاکستان ایک حقیقی پاکستان بننے جارہا ہے ، پاکستان کی بہتری کے لیے پیر حسنات کے ساتھ سفر جاری رکھیں گے۔