جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

مہنگائی سے پریشان باپ نے 3 بچیوں سمیت زہر کھالیا، ایک دم توڑ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

مسلسل بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا رائیونڈ میں مہنگائی سے تنگ مجبور باپ نے تین بچیوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی کھالیا ایک بچی دم توڑ گئی۔

مسلسل بڑھتی مہنگائی نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اور ان کے لیے جینا دشوار ترین ہوگیا ہے۔ بھوک سے بلکتے بچے اور اپنی بے بسی نے کئی لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں سندھ میں ماں اور باپ نے بچوں کو روٹی نہ دینے پر دلبرداشتہ ہوکر موت کو گلے سے لگا لیا تھا اور آج لاہور میں اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں مہنگائی سے پریشان باپ سے اپنی بیٹیوں کی بھوک نہ دیکھی گئی تو اس نے اپنے بچوں سمیت زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پہلے تینوں بچیوں کو زہر کھلایا اور پھر خود بھی کھالیا۔

- Advertisement -

ریسکیو 1122 کے مطابق باپ اور تینوں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک بچی دم توڑ گئی جب کہ باقی دو بچیاں اور باپ زیر علاج ہے۔ بچیوں کی عمریں 8 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ تاہم متاثرہ شہری اور بچیوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔

ٹنڈوالہیار میں ایک اور ماں کی خودکشی:

اس کے علاوہ ٹنڈوالہیار کے گاؤں موریو ساند میں ایک اور افسوس ناک واقعے میں غربت سے تنگ آکر 8 بچوں کی ماں 45 سالہ سیتا نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: گھر میں آٹا ختم، ماں باپ کی دو دن کے وقفے سے خود کشی

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی صوبہ سندھ کے اسی شہر ٹنڈوالہیار میں غربت کا شکار میاں بیوی سے بھوک سے بلکتے بچے نہ دیکھے گئے اور انہوں نے دو دن کے وقفے سے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا تھا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں