کراچی: مرکزی بینک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے جس کے باعث شرح سود 16 سے 17 فیصد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے نئی مالیاتی پالیسی کا اعلان کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے زر مبادلہ ذخائر کم ہوئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ قرض ادائیگی میں سے 15 ارب ڈالر ادا کر دیئے ہیں، مالی سال کے باقی مہینوں میں 8 ارب ڈالرکی ادائیگیاں کرنا ہونگی۔
اپنی پریس کانفرنس میں گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ 3 ارب ڈالر رول اوور ہوجائے گا، پانچ مہینوں میں 3 ارب ڈالر سے کم ادائیگی کرنی ہے، 6 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.7 ارب ڈالر ہے، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 9 ارب سے کم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 10 ارب اوراصل ادائیگی 23 ارب ہے، رواں مالی سال ہماری ضرورت 33 ارب ڈالر کی ہے۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے شرح سود میں اضافہ کیاگیا،مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،مہنگائی سے اوورسیزکےاخراجات بڑھتے ہیں اثر ترسیلات زر پربھی پڑتا ہے۔