واشنگٹن : امریکا نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو مکروہ، حیوانیت اور نفرت انگیز قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی قابل مذمت ، مکروہ، حیوانیت اور نفرت انگیز ہے۔
ترجمان نے کہا واضح کرتا ہوں امریکی انتظامیہ کا کوئی اہلکار اس واقعے کی حمایت نہیں کرتا۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ سویڈن کی جمہوریت اظہار رائے کی آزادی کا حق دیتی ہے، جب اس طرح کی آزادی دی جائے تو خوفناک واقعات رونما ہوتے ہیں۔
خیال رہے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر امت مسلمہ سراپا احتجاج ہیں، ترک صدررجب طیب اردوان نے اسٹاک ہوم میں قرآن پاک شہید کرنےکی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں نے ہمارے ملک کے سفارت خانے کے سامنے اس طرح کی حرکت کی وہ اب ہم سے رحم کی توقع نہیں کر سکتے، جب کوئی ہماری بے عزتی کرتا ہے تو ہم اسے اس کی جگہ پر رکھ دیتے ہیں۔