کراچی : میمن گوٹھ شربت چوک کے قریب شہری کے زخمی ہونے کے واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے امین بٹ نامی شہری کو نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، زخمی شہری مبینہ طور پر کاروباری شخصیت اور ایک فارم ہاؤس کامالک بھی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات سے قبل امین بٹ نامی شہری کو سڑک پر کار سے اتر کر پیدل جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران موٹر سائیکل پر دو افراد پیچھے سے آئے جس میں سے ایک ملزم نے اس پر فائرنگ کردی۔
واردات کے بعد ملزمان بہت آرام سے موٹر سائیکل پر بیٹھے اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اسی دوران جیکٹ پہنا ایک اور شہری چلاتا ہوا روڈ کی جانب بھاگا اور لوگوں سے مدد طلب کرنے لگا۔
اس موقع پر موجود کچھ افراد زخمی شخص کو کار میں ڈال کر اسپتال لے جاتے ہوئے نظر آرہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کی واردات ہے۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے شہری سے لوٹ مار نہیں کی۔ زخمی کا تعلق پنجاب سے شہر گوجرانوالہ سے ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔