کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو بے وقوف بنا کر لوٹنے والے جعلی پیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کرکے جعلی پیر اور اس کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جو پیسہ ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد کو لوٹا کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ ملزمان کا ایک ساتھی کسی بھی عام شہری کو روک کر اس سے پوچھتا کہ کیا یہاں کوئی قریب بڑا پیر ہے۔ اسی دوران ان کا دوسرا ساتھی آکر بتاتا کہ ہاں ایک بڑے پیر صاحب ہیں اور میں بھی ان کے پاس ہی جا رہا ہوا، آپ بھی چلیں۔
دونوں ملزمان اسی بہانے شہری کو بھی اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر جعلی پیر کے پاس لے جاتے اور اس سے ملاقات کراتے۔ جہاں شعبدہ باز جعلی پیر رومال یا ٹیشو پیپر کو آگ لگا کر اپنے ہاتھ کی مہارت دکھاتا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا گروہ پچاس افراد پر مشتمل ہے اور اس کارروائی میں ان میں سے 5 کارندے گرفتار ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نوشہرو فیروز سے گاڑی کرائے پر لے کر کراچی آتے تھے۔ شہری پر بھروسہ قائم کرنے کے لیے ملزمان کا ایک ساتھی عام شہری بن کر ڈرامے میں شامل ہوتا تھا اور اپنا جعلی سونا دکھا کر کہتا کہ میرا سونا بھی ڈبل ہوگیا ہے۔ ان کے جھانسے میں آکر سادہ لوح شہری اپنا پیسہ اور سونا لے کر پیر کے پاس پہنچ جاتے تھے۔