ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

کے پی میں قیام امن تک اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک اسلام آباد میں دھرنا دیں گے جب تک خیبرپختونخوا میں امن نہ ہوجائے۔

یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے افغانستان کا ایک بار بھی دورہ نہیں کیا، کیا انہیں معلوم نہیں کہ اس خطے کا امن دونوں ملکوں کیلئے ناگزیر ہے، امریکا دونوں ملکوں میں جنگ چاہتا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کےپی کو412 ارب روپے دیئے گئے تھے لیکن یہاں پولیس کے پاس نا تو اسلحہ ہے اور نا ہی جدید آلات اور جو کیمرے لگے ہیں اس میں بھی کچھ نظر نہیں آتا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پشاور مسجد حملے کی ذمہ داری نہ وفاقی حکومت نے قبول کی نہ ہی صوبائی حکومت نے، کے پی کے عوام کے ساتھ مرکزی حکومت نے ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا یوکرین کی طرح ہمارے ایٹمی اثاثے ختم کرنا چاہتا ہے، حکومت ایئرپورٹ ،موٹروے ، ریلوے تک امریکا کے ساتھ گروی رکھنا چاہتی ہے، امریکا نے اپنے مقاصد کے لئے یہاں مصنوعی قیادت مسلط کی ہے، ایران ،ہندوستان، تاجکستان میں امن لیکن ہمارا صوبہ بارود کا ڈھیر بن گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت ہمیں وہ لائحہ عمل بتائے جس سے کے پی میں امن آئے گا، قیام امن کے لئے اسلام آباد جائیں گے۔ کیا آپ میرے ساتھ اسلام آباد جانے کے لئے تیار ہیں؟ ہم اس وقت تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے جب تک کے پی میں امن نہ ہوجائے۔

سانحہ میں پولیس کے شہداء کے بچوں کی تعلیم و تربیت جماعت اسلامی کرے گی، میں شہداء کے گھرانوں کو تسلی دیتا ہوں ہم آپ کے بھائی ہیں ہم آپ کو این جی اوز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں