کراچی : اینٹی کرپشن عدالت نے نسلہ ٹاور کیس میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر کاکا سمیت 4 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں نسلہ ٹاور کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے منظور قادر کی جائیداد سے متعلق رپورٹ پیش کی ، جس میں بتایا گیا کہ مفرور ملزم منظور قادر کاکا کے نام پر کوئی جائیداد نہیں، ملزم منظور قادر سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری میں ناکام رہے۔
اینٹی کرپشن نے کہا کہ کیس میں منظور قادر کاکا سمیت 23 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا ، جس پر عدالت نے ہدایت کی ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم کی جائیں گی ۔
اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمان پر نسلہ ٹاور کو 262 اسکوائر یارڈ دینےکا الزام ہے، ملزمان کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی کی گئی۔
عدالت نے سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر کاکا سمیت 4 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی
خیال رہے نسلہ ٹاور کیس میں ملزمان کے خلاف دسمبر 2021 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔