اسلام آباد: اٹارنی جنرل پاکستان شہزاد عطا الٰہی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو رائے دے دی۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل شہزاد عطا الٰہی نے صدر مملکت کی جانب سے صوبوں میں الیکشن کی تاریخ دینے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ آئین میں صدر کو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں، آئین کے تحت صوبوں میں الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صرف گورنرز کو حاصل ہے۔
اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صدر مملکت کی جانب سے جاری تاریخ پر 90 روز میں الیکشن کرانا ناقابلِ عمل ہے، اگر الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے تو بھی 27 اپریل سے پہلے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔
الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل سے تحریری رائے دینے کی ہدایت کر دی جبکہ آئینی و قانونی ماہرین شاہ خاور اور سجیل سواتی سے بھی تحریری رائے مانگ لی۔
اٹارنی جنرل اور دونوں آئینی و قانونی ماہرین صدرِ پاکستان کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر اپنی تحریری رائے دیں گے۔ تحریری آرا موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن سے مشورے کے بغیر صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کیلیے 9 اپریل کی تاریخ دے رکھی ہے۔