راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے مقابلے کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کیچ میں فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس پر اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے شر پسندوں کی بزدلانہ کوشش ناکام بنا دی۔
فورسز نے حملہ کر کے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کیلیے فوری طور پر فالو اپ آپریشن شروع کیا اور مزہبند کے پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کے مشتبہ ٹھکانے کا پتا چلایا۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ اسلحہ، گولیاں اور بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
فورسز نے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے میں بڑی قربانیوں سے حاصل کردہ امن کو تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔
گزشتہ ماہ سکیورٹی فورسز نے کیچ کے علاقے ہوشاب میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ ان کے قبضے سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا تھا۔