نئی دہلی : ڈاکٹروں کی مجرمانہ غفلت کے باعث اکثر اوقات بہت سے مریضوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ایک خاتون 6 سال تک درد سے تڑپتی رہی۔
بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہےجس میں 6 سال قبل ایک حاملہ خاتون کا دوران زچگی آپریشن کرتے ہوئے ڈاکٹر قینچی مریضہ کے پیٹ ہی بھول گئے۔
تلنگانہ کے منچیریال ضلع کی 30 سالہ ادیبہ گزشتہ6 سال سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھی، جس کا انہوں نے کئی بار علاج کروایا لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔
پچھلے چھ ماہ سے ڈاکٹر خاتون مریضہ کو پیٹ درد کم کرنے کے لیے طاقتور اینٹی بائیوٹک ادویات دے رہے تھے۔ درد سے نجات نہ ملنے پر ادیبہ کے اہل خانہ اسے حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں لے گئے جہاں پیٹ درد کی اصل وجہ سامنے آگئی۔
سی ٹی اسکین سے پتہ چلا کہ پیٹ میں کوئی دھاتی چیز موجود ہے بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ وہ دھاتی چیز آپریشن میں استعمال ہونے والی قینچی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سال2017میں ایک مقامی نرسنگ ھوم میں حاملہ خاتون ادیبہ کا ڈلیوری آپریشن کیا گیا تھا اس وقت ڈاکٹرز سرجری کے لیے استعمال ہونے والی قینچی "فورپس” مریضہ کے پیٹ میں بھول گئے تھے۔
ڈاکٹروں کی اس سنگین لاپرواہی پر مریضہ کے اہل خانہ شدید غصے کے عالم میں ہیں انہوں نے متعلقہ حکام سے نرسنگ ہوم اور ڈاکٹرز کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔